قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

  • اپ ڈیٹ:
انضمام الحق فائل فوٹو انضمام الحق

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔

اس حوالے سے اپنے بیان میں انضمام الحق نے کہا کہ لوگ بغیر تحقیق کے باتیں کرتے ہیں، مجھ پر سوال اٹھے تو استعفی دینا بہتر سمجھا۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ مجھ پر سوال اٹھے گا تو بہتر ہے سائیڈ پر ہوجاؤں۔

انہوں نے ساتھ میں یہ بھی کہا کہ مجھ پر الزامات لگنے پر میں نے بورڈ سے بات کی تھی، بورڈ کو کہا کہ آپ کو کوئی شک ہے تو انکوائری کرلیں، میں دستیاب ہوں۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ بغیر تحقیق کے باتیں کی جارہی ہیں، جس نے بھی کہا ثبوت دیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے کسی قسم کا تعلق نہیں، اس طرح کے الزامات سے دکھ ہوتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ مجھے فون آیا اور بتایا گیا کہ 5 لوگوں کی کمیٹی بنائی گئی ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ بورڈ کو کہا جب تک کمیٹی تحقیقات کرلے عہدہ چھوڑ دیتا ہوں، تمام چیزیں واضح ہونے کے بعد پی سی بی کے ساتھ بیٹھ جاؤں گا۔

انکا کہنا تھا کہ مجھے لگا کہ میرے خلاف انکوائری ہو رہی تو مجھے عہدے سے الگ ہوجانا چاہیے، ہمیں انکوائری کے نتائج کا انتظار کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ رواں برس اگست میں سابق کپتان انضمام الحق کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا۔ انضمام الحق نے افغانستان کے خلاف سیریز، ایشیا کپ اور ورلڈکپ کےلیے پاکستانی ٹیم منتخب کی تھی۔

واضح رہے کہ ان سے قبل سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر تھے۔

install suchtv android app on google app store