آئی سی سی ورلڈکپ کے 11ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے با آسانی شکست دے کر ایک اور فتح اپنے نام کرلی۔ بنگال ٹائیگرز نے 246 رنز کا ہدف دیا جسے کیویز نے 43 گیندوں پہلے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
چنائی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کی تو اوپنرز ایک بار پھر ناکام رہے، میچ کی پہلی ہی گیند پر لٹن داس صفر پر پویلین لوٹے جبکہ تنزید حسن 6، مہدی حسن میراز 30 اور نجم الحسن 7، توحید ہردوئے 13، تسکین احمد 11 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کپتان شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے پانچویں وکٹ کیلئے 96 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم شکیب 40 اور مشفق الرحیم 66 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بنگلا دیش نے پورے اوور کھیلتے ہوئے 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 246 رنز کا ہدف دیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے دو دو، مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ اننگز
بنگلادیش کی جانب سے دیے گئے 246 رنز ہدف کے تعاقب میں کیویز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو نیوزی لینڈ کو اوپننگ اچھی نہ ملی اور صرف 12 رنز کے مجموعی اسکور پر رچن رویندرا پویلین لوٹے، بعد ازاں ڈیون کانوے 45 کے انفرادی اور 92 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
پھر کپتان ولیمسن نے بلا تھاما اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیرل مچل کے ساتھ 102 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ اس موقع پر ولیمسن 78 رنز بنا کر ریٹائر ہرٹ ہوئے، دوسرے اینڈ پر ڈیری مچل نے شاندار بلے بازی کی اور گلین فلپس کے ساتھ میچ کو 43 گیندوں پہلے ختم کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیری مچل 89 اور ولیمسن 78 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ بنگلادیش کے مستفیض الرحمان اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی حریف ٹیم کو جلد آؤٹ کرکے ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری فتح حاصل کریں۔
اس موقع پر بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ کیویز کے خلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کرنا چاہتے ہیں، کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر ٹیم کو فتح کے ٹریک پر لائیں۔
بنگلادیش کا اسکواڈ
کپتان شکیب الحسن، لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، مہیدی حسن میراز، مشفق الرحیم، توحید ہردوئے، مہدی حسن، تسکین احمد، شوریف اسلام، مستفیض الرحمان
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ
کپتان کین ولیمسن، ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، جیمی نیشم، مچل سینٹنر، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔