کراچی، پنجاب کالونی میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی، مکینوں کا شدید احتجاج

کراچی کی پنجاب کالونی میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دو سڑکیں بند کر دیں جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کراچی کے قیوم آباد پل سے لے کر ڈیفنس موڑ تک گاڑیوں کی قطاریں لگی رہی ، کورنگی سے صدر جانے والا روڈ مکمل طور پر جام ہوگیا، ڈیفنس موڑ سے پنجاب چورنگی جانے والی سڑک بھی مکمل طور پر بند رہے۔

دفاتر جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مظاہرین کے مطابق متعدد شکایات کے باوجود کے الیکٹرک انتظامیہ نے ان کی کوئی شنوائی نہیں کی۔

دادا بائی بلڈنگ میں واقع اسی فلیٹس کی بجلی جمعہ کی صبح گیارہ بجے سے بند ہے، جس کے باعث مکین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

مظاہرین نے بتایا کہ جمعہ کے روز کے الیکٹرک کی ٹیم نے پنجاب کالونی اور پی این ٹی کالونی میں کنڈا مافیا کے خلاف کارروائی کی۔

جس کے دوران پی این ٹی کالونی میں جھگڑے کے بعد دادا بائی بلڈنگ کی بجلی بھی منقطع کر دی گئی۔

مظاہرین کے مطابق کے الیکٹرک کا مؤقف ہے کہ جب تک جھگڑے میں ملوث افراد معافی نہیں مانگتے، بجلی بحال نہیں کی جائے گی۔

مکینوں کا کہنا تھا کہ مسئلہ کسی اور سے ہے لیکن سزا پوری عمارت کو دی جارہی ہے

install suchtv android app on google app store