شکارپور: ڈاکوؤں نے ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا

شکارپور: ڈاکوؤں نے ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا فائل فوٹو

سندھ کے ضلع شکار پور میں خان پور کے علاقے کچے کوٹ شاہو میں ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کرکے ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق خان پور کے علاقے کچے کوٹ شاہو میں پولیس پکٹ پر ڈاکوؤں نے حملہ کیا اور مبینہ طور پر ایس ایچ او کوٹ شاہو محبوب بروہی، ہیڈ محرر سمیت تمام اہل کاروں کو اغوا کرکے لے گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم اغوا کار پولیس اہل کاروں کو لے کر کچے کے علاقے میں فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی شکارپور پولیس میں بھگدڑ مچ گئی اور بھاری نفری کوٹ شاہو کچے کے علاقے میں طلب کر لی گئی۔

دریں اثنا نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے شکارپور میں ایس ایچ او کوٹ شاہو سمیت 5 اہل کاروں کے اغوا پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس کو فون اور شکارپور پہنچ کر مغویوں کی بازیابی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈاکو اغوا کر کے لے جائیں تو عوام کی حفاظت کا اللہ حافظ ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کیا جنگل کا قانون چل رہا ہے یا پولیس سوئی ہوئی ہے؟۔ ایس ایس پیز اور ڈی آئی جیز گھروں میں بیٹھ کر پولیسنگ کرتے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ ایسے پولیس افسران کی اس صوبے کو اور یہاں کے عوام کو کسی صورت ضرورت نہیں۔

install suchtv android app on google app store