نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے اغوا کیے گئے 6 فٹبال کھلاڑیوں کی بازیابی کا آپریشن جاری ہے۔
ایک بیان میں وزیر اخلہ نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی سے اغوا ہونے والے فٹبالرز کی بازیابی کی کوشش کر رہے ہیں۔ پورے علاقے کی ناکہ بندی کر کے مغویوں کی بازیابی کےلیے آپریشن جاری ہے۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ گزشتہ روز ہی سیکیورٹی اداروں کو بازیابی کے لیے اقدامات کے احکامات جاری کردیے تھے۔ بےامنی پھیلانے والوں کی گردنیں قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتیں، مغوی ہمارے بچے ہیں ان کی بازیابی تک سکوں سے نہیں بیٹھوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ بگٹی: تحصیل سوئی سے 6 مقامی فٹبالرز اغواء
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مغوی کھلاڑیوں کی بازیابی کے لیے ناکابندی کردی گئی ہے، بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ6 فٹبالرز کو ڈیرہ بگٹی سے سبّی جاتے ہوئے جانی بیڑی کے قریب اغوا کرلیا گیا تھا۔