کراچی ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے 30 کروڑ کی منشیات برآمد کرلی، بیرون ملک سے بھیجے گئے کارٹن سے کرسٹل آئس برآمد ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق کلکٹر کسٹمز نے بتایا ہے کہ بحرین سے افغانستان واپس بھجوائے گئے کارٹن سے کرسٹل آئس برآمد ہوئی، کراچی ایئرپورٹ پر کسٹمز کی کارروائی میں ضبط کیے جانے والی منشیات کی مالیت تقریباً 30 کروڑ روپے کے قریب ہے۔
کلکٹر کا کہنا تھا کہ فروٹ باسکٹس پرمشتمل پارسل مزار شریف سے رفیع نامی شخص نے بحرین بھجوایا، پکڑے جانے کے ڈر سےبحرین میں پارسل کو متعلقہ شخص نے وصول نہیں کیا۔
شفیق احمد نے بتایا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت پارسل قریبی ملک پاکستان بھیج دیا گیا۔ بحرینی حکام نے کھولے بغیر پارسل کراچی بھیجا دیا۔
کلکٹر کسٹمزشفیق احمد کے مطابق پارسل کو کراچی سے پشاور کے راستے واپس مزار شریف پہنچنا تھا۔ کسٹمز ڈرگ انفورسمنٹ سیل نے دوران چیکنگ 14 کلو سے زائد کرسٹل آئس برآمد کی۔