سندھ حکومت نے یکم مارچ سے کراچی کے مزید دو نئے روٹس پر پیپلز پنک بس سروس چلانے کا اعلان کردیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے پیپلز بس سروس سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ، پی ڈی این آر ٹی سی صہیب شفیق ، آپریشن منیجر عبدالشکور و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی سے انڈس اسپتال روٹ ٹو اور نمائش چورنگی سے کلاک ٹاور سی ویو روٹ-10 پر یکم مارچ سے پنک بس چلائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کب نااہل ہوں گے؟ منظور وسان نے پیشگوئی کردی
انہوں نے کہا کہ کل سے پنک بس سروس کے ماڈل کالونی سے ٹاور روٹ ون کا فلیٹ بھی بڑھایا جائے گا، ماڈل کالونی سے ٹاور پنک بس روٹ ون پر بسوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
شرجیل میمن نے این آر ٹی سی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پیپلز بس سروس کے مزید نئے روٹس پر سروے مکمل کیا جائے اور ہاکس بے روڈ تک بھی پیپلز بس سروس چلانے کا جائزہ لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں پیپلز الیکٹرک بس سروس کے مزید نئے روٹس کا بھی جلد آغاز کیا جائے۔