نیب کا شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے گھر پر چھاپہ، پولیس کی بھاری نفری گھر کے باہر پہنچ گئی

 شہباز شریف فائل فوٹو شہباز شریف

قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری کےلیے لاہور میں ان کے گھر پر چھاپا مارا ہے۔

نیب کی ٹیم پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری کےلئے ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔ معاملے کا علم ہوتے ہی مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں۔

نیب میں عدم پیشی

نیب نے سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہ ہوئے۔ شہباز شریف نے نیب میں پیش نہ ہونے کے حوالے سے تفصیلی جواب بھجواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ 69 سال کی عمر کو پہنچ چکے ہیں اور کینسر کے مریض ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ لاہور سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے جس کے باعث وہ نیب میں پیش نہیں ہوسکتے، لہذا نیب نے جو تحقیقات کرنی ہیں وہ ویڈیو لنک اور اسکائپ کے ذریعے جواب لے سکتا ہے۔

عبوری ضمانت کی درخواست

شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جس پر سماعت کل ہوگی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ان کا کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔

صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سمیت دیگر ن لیگی رہنماؤں کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہباز شریف کی گرفتاری حیلے بہانوں سے کرنی ہیں تو کریں، یہ گرفتاریاں کرتے کرتے تھک جائیں گے لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، عدلیہ اپنا کردار ادا کرے گی۔

install suchtv android app on google app store