آٹے کا بحران مگر عظمیٰ بخاری کے گھر کے باہر اسٹاک، لیگی رہنما پنجاب فوڈ اتھارٹی پر برہم

آٹے کا بحران مگر عظمیٰ بخاری کے گھر کے باہر سٹاک، لیگی رہنما پنجاب فوڈ اتھارٹی پر برہم فائل فوٹو آٹے کا بحران مگر عظمیٰ بخاری کے گھر کے باہر سٹاک، لیگی رہنما پنجاب فوڈ اتھارٹی پر برہم

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کی آٹا نہ ملنے کی شکایت پر محکمہ خوراک پنجاب نے اپوزیشن رکن کے گھر کے باہر آٹے کا ٹرک کھڑا کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایک ٹاک شو میں عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ صوبے میں آٹا ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتا، جس پر محکمہ خوراک نے ان کے گھر کے باہر آٹے سے بھرا پورا ٹرک پہنچا کر کھڑا کر دیا۔

محکمہ خوراک کے ملازمین نے 20 کلو آٹے کی 40 بوریاں عظمیٰ بخاری کے گھر کے باہر اتار دیں، انھوں نے کل ایک ٹاک شو میں آٹا کی عدم دستیابی کا شکوہ کیا تھا، تاہم چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر کا کہنا تھا کہ آٹا موجود ہے لینے والا کوئی نہیں، جس پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مجھے لے کر دے دیں۔ جس پر آج فوڈ اتھارٹی کی جانب سے آٹے سے بھرا ٹرک اپوزیشن کی رکن کے گھر کے باہر پہنچایا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے اس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کل صوبے میں آٹے کی قلت کی بات کی تھی، لیکن محکمہ خوراک کے ملازمین نے صبح میرے ملازم کو آٹے کا تھیلا دینے کی بات کی، محکمہ خوراک کے ملازمین گھر کے باہر آٹے کے 40 تھیلے اتار کر ڈراما کرتے رہے۔

مسلم لیگ کی رکن کا کہنا تھا کہ مسئلہ عظمیٰ بخاری کا نہیں بلکہ عوام کا ہے، حکومت اپنی ناکامی مانے اور مستعفی ہو جائے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں ابھی عوام گیس بحران سے نہیں نکلے تھے کہ آٹے کا بحران شروع ہو گیا، آٹے کی قیمت اتنی بڑھائی گئی کہ غریب آدمی کے دست رس سے باہر ہو گئی، تاہم وفاقی، پنجاب اور کے پی حکومت کا دعویٰ ہے کہ آٹے کا کوئی بحران نہیں۔ دوسری طرف عوام مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

install suchtv android app on google app store