نواز شریف کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں: ڈاکٹر عدنان

نواز شریف کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں: ڈاکٹر عدنان فائل فوٹو نواز شریف کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں: ڈاکٹر عدنان

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے عارضہ قلب نواز شریف کی زندگی کیلئے بڑا خطرہ ہے، اگر اینجیو پلاسٹی ممکن نہ ہوئی تو دوبارہ بائی پاس سرجری کرنا پڑ سکتی ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف ضمانت پر رہائی کے 20 دنوں میں چھٹی بار طبی معائنہ کے لیے شریف میڈیکل سٹی پہنچے۔ اس دوران نواز شریف ایک نجی اسپتال میں میڈیکل ٹسیٹ کرانے بھی گئے، شریف میڈیکل سٹی میں نواز شریف ایک گھنٹہ 6 منٹ تک اسپتال میں رکے رہے۔

طبی معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا نواز شریف کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، عارضہ قلب ان کی زندگی کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔ اگر اینجیو پلاسٹی ممکن نہ ہوئی تو دوبارہ بائی پاس سرجری کرنا پڑ سکتی ہے۔

ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا آغاخان اسپتال نے نوازشریف کیلئے ایکسپرٹ ڈاکٹرز کی ٹیم بنائی ہے، ایکسپرٹ ڈاکٹرز کےساتھ آج نوازشریف کی نشست ہوئی، آغاخان اسپتال کے ڈاکٹرز رپورٹس دیکھ کرعلاج کا تعین کریں گے۔

نواز شریف کے ذاتی معالج نے کہا میاں صاحب کےدل کی بعض شریانیں بلاک ہیں، شریانوں کے بلاک ہونےکے بعد انجائنا کا درد اٹھتا ہے، نواز شریف کے دل کی ایک بڑی شریان بھی بندہے، بڑی شریان کھولنے کیلئےآپریشن کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا دل کے مریض کے لیے انجائنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، جب بھی ضرورت پڑی میاں صاحب کواسپتال داخل کیاجائےگا، نوازشریف مسلسل ڈاکٹرزکی نگرانی میں ہیں، انجائنا کے درد کے باعث دل کے دورے کا خطرہ ہروقت رہتا ہے۔

ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے ملک کے اندر یا باہر علاج کے بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ان کا علاج ہو رہا ہے اور چوبیس گھنٹے ان کی میڈیکل نگرانی کی جا رہی ہے، میں نواز شریف سے ذاتی طور پر بھی رابطے میں رہتا ہوں۔

install suchtv android app on google app store