پنجاب اسمبلی میں پروڈکشن آرڈر کا قانون ہی نہیں، ن لیگ کو وہی بھگتنا پڑ رہا ہے جو انہوں نے بویا: پرویز الہیٰ

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ فائل فوٹو سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا قانون قومی و دیگر اسمبلیوں میں موجود ہے، مگر پنجاب اسمبلی میں شہباز شریف نے یہ قانون پاس نہیں کیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے سیالکوٹ میں بابا جی خالد محمود مکی مدنی کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کے تیرھویں سالانہ پروگرام میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اور دیگر اسمبلیوں میں پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا قانون موجود ہے لیکن پنجاب اسمبلی میں ایسا کوئی قانون نہیں، پنجاب اسمبلی کے تمام قوانین کا بغور مطالعہ کرنے کے بعد پتا چلا کہ شہباز شریف نے اس قانون کو پاس نہیں ہونے دیا۔

چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ سابق سپیکر رانا اقبال کے دور میں جب گرفتاریاں ہوئی تھیں تو انہوں نے یہ معاملہ ایڈووکیٹ جنرل کے سپرد کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب ن لیگ کو وہی کچھ بھگتنا پڑ رہا ہے جو انہوں نے بویا تھا، یہ مکافات عمل ہے۔

وزرا کی کارکردگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں سپیکر پنجاب اسمبلی ہوں، مجھ سے اسمبلی کے حوالے سے پوچھا جائے، وزرا کا معاملہ وزیراعلیٰ جانیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دن رات ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے محنت کر رہے ہیں، اس نیک کام میں ہم ان کے ساتھ ہیں، سو دن گزرنے کے بعد وزیراعظم نے جائزہ رپورٹ کیلئے اجلاس طلب کیا تھا، اس حوالے سے یہ اجلاس کامیاب رہا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ ہونے والے سلوک پر میں تبصرہ نہیں کرنا چاہتا کیونکہ یہ معاملہ عدالتوں میں ہے۔

install suchtv android app on google app store