مسلم لیگ ن کے ملک احمد خان اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب

مسلم لیگ ن کے ملک احمد خان اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب اسکرین گریب مسلم لیگ ن کے ملک احمد خان اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب

پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد مسلم لیگ(ن) کے ملک احمد خان اسپیکر منتخب ہو گئے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر کے انتخاب کیلیے ووٹنگ ہوئی، اسپیکر کے انتخاب کے لئے تمام 327 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 33منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا اور مریم نواز کے ایوان میں آتے ہی سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے خلاف نعرے بازی کی۔

اس کے جواب مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے بھی پی ٹی آئی قیادت کے خلاف نعرے بازی کی اور ارکان اسمبلی نشستوں پر کھڑے ہو کر ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

اجلاس کے دوران خلیل طاہر سندھو کو مریم اورنگزیب نعرے لگانے کا اشارہ کرتی رہیں اور مسلم لیگ(ن) کے اراکین نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف شدید نعرے لگائے۔

بعدازاں اسپیکر سبطین خان کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اسپیکر نے 5 نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔

حلف لینے والوں میں سنی اتحاد کونسل کے حافظ فرحت، نوابزادہ وسیم بادوزئی اور مسلم لیگ(ق) کے چوہدری شافع حسین شامل ہیں۔

اجلاس کے دوران 20 منٹ کے لیے نماز کا وقفہ کیا گیا جس کے بعد اب ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔

اسپیکر سبطین خان نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اوپر لیبل نہیں لگوانا چاہتا کہ اسپیکر اجلاس ملتوی کرتے گئے، میں باعزت طریقے اس کرسی کو چھوڑ رہا ہوں اور اب آپ نے پانچ سال اکٹھا چلنا ہے۔

ان کا کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کے لوگوں کا نوٹیفکیشن نہیں ہوا ہے اور الیکشن کمیشن کو کہہ نہیں سکتا کہ انہیں بلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بنچز پر مخصوص نشستیں تین اقلیتی ممبران کو ملا کر 27 ممبران بنتے ہیں۔

اسپیکر نے بتایا کہ ایوان میں پہلے اسپیکر اور پھر ڈپٹی سپیکر کا الیکشن ہوگا۔ اس کے بعد سیکریٹری اسمبلی عامر حبیب نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا طریقہ کار ایوان میں بتایا جس کے بعد ایوان میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہوا۔

پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ کے بعد مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک احمد خان اسپیکر منتخب ہو گئے۔

ووٹنگ میں مسلم لیگ(ن) کے ملک احمد خان کو 327 اراکین میں سے 225 ارکاین کے ووٹ ملے اور وہ بھاری اکثریت سے اسپیکر منتخب ہو گئے۔ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر کو 100ووٹ ملے۔

جیسے ہی اسپیکر سبطین خان نے ملک احمد خان کے اسپیکر بننے کا اعلان کیا تو اراکین نے نعرے بازی کی اور ڈیسک بجا کر اس کا خیرمقدم کیا۔

ایوان میں موجود مسلم لیگ(ن)، استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ(ق) کے اراکین پنجاب اسمبلی نے اسپیکر منتخب ہونے پر ملک احمد خان کو مبارکباد پیش کی۔

install suchtv android app on google app store