آئی جی پنجاب اہم شخصیات کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو واپس بلا لیا

آئی جی پنجاب نے چیف جسٹس کے حکم پر سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو واپس بلا لیا فائل فوٹو آئی جی پنجاب نے چیف جسٹس کے حکم پر سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو واپس بلا لیا

ذرائع کےمطابق آئی جی پنجاب پولیس عارف نواز نے بھی چیف جسٹس کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے پنجاب بھر میں سیکیورٹی پر مامور 4 ہزار 610 اہلکاروں کو واپس بلا لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب میں 1853 شخصیات سے سیکیورٹی واپس لی گئی ہے، 297 سیاستدانوں کی سیکیورٹی سے1347 اہلکار واپس بلا لیے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کےحکم پر 527 پولیس افسران کی سیکیورٹی سے 1074 اہلکار واپس بلائے گئے ہیں، لوئر کورٹس کے 469 افسران کی ڈیوٹی سے 626 اہلکار جب کہ 23 وکلا کی سیکیورٹی پر تعینات 39 اہلکار واپس بلائے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 250 مذہبی رہنماؤں کی سیکیورٹی پر تعینات 296 اہلکار اور 233 شہریوں کی سیکیورٹی انجام دینے والے 1075 اہلکاروں کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی جی پنجاب نے اہلکاروں کو واپس بلانے کے لیے گزشتہ روز احکامات جاری کیے تھے۔

چیف جسٹس پاکستان نے گزشتہ روز سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران چاروں صوبوں کے آئی جیز کو غیر متعلقہ افراد سے سیکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا تھا جس پر آئی جی خیبرپختونخوا نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرکے رپورٹ جمع کرائی تھی۔

یاد رہے کہ انیس اپریل کو چیف جسٹس ثاقب نثار نے پشاور رجسٹری میں سماعت کرتے ہوئے صوبے بھر میں اہم شخصیات سے رات بارہ بجے تک اضافی سیکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا تھا۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس نے آئی جی پی خیبرپختونخواہ صلاح الدین خان محسود سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی بہت تعریف سنی ہے اور دہشت گردی میں آپ کا بہت نقصان ہوا ہے۔

چیف جسٹس نے آئی جی خیبرپختونخوا سے استفسار کیا کہ غیر متعلقہ لوگوں کے پاس کتنی پولیس فورس سیکیورٹی کے نام پر ہے؟، جس پر آئی جی نے بتایا کہ تین ہزار کے قریب اہلکار سیکیورٹی پر موجود ہیں، اس پر جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ جن کے پاس سب کچھ ہے وہ اپنے لیے سیکیورٹی کا بھی خود انتظام کریں۔

بعد ازاں چیف جسٹس نے آئی جی خیبرپختونخوا ہ کو غیر متعلقہ افراد سے آج رات تک سیکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا،آئی جی صلاح الدین نے عدالت کو آج رات تک غیر متعلقہ افراد سے سیکیورٹی واپس لینے کی یقین دہانی کرادی ہیں۔بیس اپریل کو غیر متعلقہ افراد کی سیکیورٹی سے متعلق کیس میں آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین محسود نے رپورٹ عدالت میں پیش کی، آئی جی خیبر پختونخوا نے بتایا کہ 1769 غیر متعلقہ افراد سے سکیورٹی واپس لے لی۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے بہت اچھا کام کیا، کوئی عدالت سیلوٹ کر سکتی تو میں آئی جی خیبرپختونخوا کو کرتا۔

install suchtv android app on google app store