پنجاب یونیورسٹی: طلبہ تنظیموں میں تصادم، 24 گرفتار

پنجاب یونیورسٹی: طلبہ تنظیموں میں تصادم، 24 گرفتار فائل فوٹو پنجاب یونیورسٹی: طلبہ تنظیموں میں تصادم، 24 گرفتار

پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے درمیان ہونے والے تصادم کے بعد پنجاب پولیس نے کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے جامعہ کے ہوسٹلز سے 24 طلبہ کو گرفتار کرلیا۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے اتوار کی شب پنجاب یونیورسٹی میں 2 طلبہ تنظیموں میں تصادم کے نتیجے میں متعدد طلبہ زخمی ہوگئے تھے۔ یہ تصادم پنجاب یونیورسٹی میں جاری تقریب کے دوران مخالف گروہ کی جانب سے دھاوا بولنے پر سامنے آیا تھا۔

تصادم کے دوران ایک طلبہ تنظیم کی جانب سے کیمیکل ڈیپارٹمنٹ کو آگ لگا دی گئی تھی جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔

تاہم پولیس نے آج دونوں طلبہ تنظیموں کے خلاف ہاسٹلز میں سرچ آپریشن کا آغاز کیا جس کے بعد ہاسٹل نمبر 1 میں دونوں طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم میں ملوث 24 طلبہ گرفتار کیے گئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے طلبہ یونیورسٹی میں ڈنڈوں کے ذریعے لڑائی جھگڑے اور طلبہ کو ہراساں کرنے میں ملوث تھے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب پولیس نے طلبہ تنظیموں کے درمیان ہنگامہ آرائی کرنے پر 3 علیحدہ مقدمات درج کیے تھے۔ پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔

طلبہ کی گرفتاری کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ نے ڈان کو بتایا کہ پولیس کو کھلی اجازت دی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جامعہ پنجاب میں بدھ کو ہونے والے امتحانات اور ایم فل کے انٹری ٹیسٹ معمول کے مطابق ہوں گے۔

install suchtv android app on google app store