وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری گلاس ٹرین منصوبے کی تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کردیں جس میں روٹ، اسٹیشنز اور کرایے کے بارے میں معلومات دی گئی ہیں۔
مریم نواز کے فیس بک اکائونٹ پر شیئر کردہ تفصیلات کے مطابق گلاس ٹرین کا روٹ لیک ویو پارک اسلام آباد سے مری بس سٹاپ تک ہوگا۔
اسٹیشنز لیک ویو پارک اسلام آباد، چھتر پارک، گھوڑا گلی اور مری بس سٹاپ کے قریب بنائے جائینگے۔
کرایے کی دو کیٹیگریز رکھی گئی ہیں، سٹینڈرڈ ٹکٹ 500 روپے اور پریمیئم ٹکٹ 1000 روپے میں دستیاب ہوگا ، مری گلاس ٹرین اپنا سفر اسلام آباد سے مری صرف 40 منٹ میں طے کریگی۔
گاڑیاں الیکٹرک اور ماحول دوست ہونگی ،سروس کا آغاز کب ہوگا اس بارے میں فی الحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گلاس ٹرین کی وجہ سے مری کی سیاحت میں مزید اضافہ ہوگا، جس سے مقامی کاروبار، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو فائدہ پہنچے گا۔سیاح راستے بھر حسین پہاڑی مناظر، جنگلات اور موسم کی خوبصورتی کو بھی قریب سے دیکھ سکیں گے۔ یہ ایک منفرد تجربہ ثابت ہوگا۔
ٹرین کے آغاز سے مری کی سڑکوں پر ٹریفک دباؤ میں واضح کمی آئے گی، خصوصاً رش کے دنوں میں ٹریفک جام سے نجات ملے گی۔عوام اسے ایک ماحول دوست اقدام قرار دے رہے ہیں، کیونکہ ٹرین کی وجہ سے گاڑیوں پر انحصار کم ہوگا اور آلودگی میں کمی آئے گی۔