اسموگ کی بگڑتی صورتحال: پنجاب حکومت نے جزوی لاک ڈاؤن میں تبدیلی کر دی

پنجاب حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں معمولی تبدیلی کر دی۔ فائل فوٹو پنجاب حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں معمولی تبدیلی کر دی۔

پنجاب حکومت نے اسموگ کے باعث لگائے جانے والے لاک ڈاؤن میں  تبدیلی کردی۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق کال سینٹرز اور انٹرنیشنل آئی ٹی سینٹرز کو بھی کام کی اجازت دے دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 8 اضلاع میں مارکیٹس کو آج اور کل کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ شاپنگ مالز اور مارکیٹیں ہفتے اور اتوار کو بند رہیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورنٹ، سنیما اور جمنیزیم بھی آج معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ فیصلے کا اطلاق لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، نارووال، حافظ آباد اور سیالکوٹ پر ہوگا۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں 24 گھنٹے کے دوران 46 ہزار 492 افراد اسموگ سے متاثر ہوئے ہیں۔ لاہور میں 24 گھنٹوں میں 1 ہزار 766 افراد اسموگ سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوئے۔

محکمہ صحت کے مطابق اسموگ سے سانس، دمہ، نزلہ زکام، کھانسی، متلی، بخار، جسم درد اور مختلف انفیکشنز بڑھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں اسموگ کے باعث گوجرانوالہ سمیت 5 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

10 نومبر سے 12 نومبر تک گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور وزیر آباد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہو گا۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران تمام اسکول، دفاتر، مارکیٹیں، تفریحی مقامات، شادی ہال، سنیما گھر بند رہیں گے جبکہ فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ جلانے پر دفعہ 144 کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔

 

install suchtv android app on google app store