بھارت نے دریائے راوی میں ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی چھوڑدیا، ہائی الرٹ جاری

  • اپ ڈیٹ:
 بھارت نے دریائے راوی میں ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی چھوڑدیا، ہائی الرٹ جاری فائل فوٹو بھارت نے دریائے راوی میں ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی چھوڑدیا، ہائی الرٹ جاری

بھارت نے دریائے راوی میں ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی چھوڑ دیا ہے، جس کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال بھی بھارت نے 1 لاکھ 73 ہزار کیوسک پانی چھوڑا تھا۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دریائے راوی سے منسلک اضلاع کی انتظامیہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہے۔

اس حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ انڈس واٹر کمیشن کے مطابق بھارت نے تقریباً 1 لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی اُجھ بیراج سے چھوڑا ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بھارت کے چھوڑے پانی کا تقریباً ایک تہائی یعنی 60 ہزار کیوسک جسڑ تک پہنچا تھا، پانی کی آمد کی وجہ سے دریائے راوی پر گیجنگ پوائنٹ پر پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا تھا، تقریباً 65 ہزار کیوسک پانی اگلے 20 سے 24 گھنٹوں کے اندر پہنچنے کی توقع ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جسڑ کے مقام پر دریائے راوی میں کم نوعیت کی سیلابی کیفیت متوقع ہے، متعلقہ انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں کی مانیٹرنگ کر رہی ہے، دریائے چناب پر مرالہ ہیڈورکس اور دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر مانیٹرنگ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں مون سون بارشوں سے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 76 ہو گئی

دریائے راوی میں بھارت سے آنے والا ریلہ آج شام جسڑ پہنچے گا، جسڑ کے مقام پر ڈھائی لاکھ کیوسک کا ریلہ گزر سکتا ہے، دریائے راوی اور معاون برساتی نالوں پر 9 فلڈ ریلیف کیمپ قائم ہیں۔

دریائے راوی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے، دریائے راوی اور چناب میں سیلاب کا خطرہ ہے، حافظ آباد اور نارووال میں فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی، دریاؤں اور نالوں کے کنارے مختلف مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

لاہور، سیالکوٹ اور نارووال میں شدید بارشوں کے امکانات ہیں، دریائے ستلج اور منسلک نالوں بھمبر، دیگ، پالکھو اور بسنتر میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

دوسر جانب محکمۂ آبپاشی نے کہا ہے کہ دریائے ستلج میں پانی کی صورت حال نارمل ہے، اسلام ہیڈورکس پر پانی کی آمد 3319 کیوسک اور اخراج 2335 کیوسک ہے۔

 

install suchtv android app on google app store