کلر کہار کے قریب موٹر وے پر باراتیوں کی بس مخالف سمت سے آنے والی دوکاروں اور ایک سوزوکی پک اپ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 63 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
ٹریفک حادثہ موٹر وے سالٹ رینج پر پیش آیا جہاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسلام آباد سے لاہور جانے والی مسافر بس ٹائر پھٹنے اور بریک فیل ہونے کی وجہ سے حفاظتی دیوار توڑتی ہوئی مخالف سمت سے آنے والی دو کاروں اور ایک سوزوکی پک اپ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑیاں نزدیکی کھائی میں جا گریں۔
موٹروے پولیس کے مطابق بس 49 سیٹر تھی اور اس میں 49 ہی سواریاں سوار تھیں، بریک فیل ہونے سے بس مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں سے ٹکرا کر الٹ گئی، مخالف سمت سے آنے والی دو کاریں اور ایک شہزور پک اپ بھی زد میں آگئی۔
ڈی آئی جی موٹروے محمد یوسف نے جائے حادثہ پر موجود رہ کر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی تاہم اندھیرا ہونے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان موٹر وے کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ بس اسلام آباد سے لاہور جارہی تھی اور اس میں باراتی سوار تھے، حادثے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
موٹروے پولیس اوردیگر ریسکیو ایجنسیوں نے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا جبکہ مزید قانونی کاروائی جاری ہے۔