لاہور، این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ نے میدان مار لیا

شائستہ پرویز ملک فائل فوٹو شائستہ پرویز ملک

لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی شائستہ پرویز ملک نے کامیابی حاصل کرلی۔

این اے 133 میں صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہی۔

تمام 254  پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز 46811 ووٹ لےکر کامیاب قرار پائیں۔

غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے اسلم گِل 32313 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

قبل ازیں پولنگ کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے جبکہ رینجرز اہلکار بھی گشت پر مامور رہے۔

خیال رہے کہ این اے 133 لاہور کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد حلقے میں پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار میدان میں نہیں ہے۔

install suchtv android app on google app store