جنوبی وزیرستان میں تبدیلی آگئی، پہلی مرتبہ پولیس اسٹیشن قائم

 جنوبی وزیرستان میں پہلی مرتبہ پولیس اسٹیشن قائم کردیا گیا ہے فائل فوٹو جنوبی وزیرستان میں پہلی مرتبہ پولیس اسٹیشن قائم کردیا گیا ہے

صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے جنوبی وزیرستان میں پہلی مرتبہ پولیس اسٹیشن قائم کردیا گیا۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں وانا فورٹ کو تبدیل کرکے علاقے میں پہلی مرتبہ پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا۔

وانا فورٹ پہلے فرنٹیئر کوپ (ایف سی) کے استعمال میں تھا، جس کے خالی ہونے کے بعد پولیس نے اسے تھانے میں تبدیل کرکے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ قائم ہونے والے پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ طور پر پولیسنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے جبکہ اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) سمیت دیگر عملہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا پولیس کے ترجمان شہزادہ فاروق کوکب نے میڈیا کو بتایا کہ ’علاقے میں یہ پہلا پولیس اسٹیشن ہے‘ اور تمام اسٹاف کی ضروریات کے ساتھ تمام امور پر فعال ہیں، اسی طرح فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کا اندراج بھی شروع کردیا گیا ہے۔

ترجمان خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق جنوبی وزیرستان میں پولیسنگ کے عمل کا آغاز ہونا ایک خوش آئند بات ہے اور اسی سے علاقے میں امن قائم کیا جائے گا۔

 

install suchtv android app on google app store