مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ نے بھی شاہد آفریدی کے بیان کی حمایت کردی

مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ فائل فوٹو مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ

مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے بھی شاہد آفریدی کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے قتل و غارت گری کی مذمت کر رہی ہے۔

فاروق عبداللہ سے جب پوچھا گیا کہ شاہد آفریدی نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے واقعات پر بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شدید مذمت کی ہے تو اس پر فاروق عبداللہ نے جواب دیا کہ ’پوری دنیا ان واقعات کی مذمت کر ر ہی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ایک بندہ یا ایک شخص نہیں پوری دنیا مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے قتل عام کی مذمت کر رہی ہے جسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے‘۔

بھارتی صحافی کی جانب سے نہتے کشمیریوں کو شدت پسند قرار دیکر ہلاک کرنے سے متعلق سوال پر فاروق عبداللہ نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں کو مار رہی ہے۔

خیال رہے کہ فاروق عبداللہ اکثر و بیشتر اپنے بیانات میں بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو وہ اسے کھو دیگا۔

چند روز قبل بھی فاروق عبداللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت میں اتنی جرأت نہیں وہ آزاد کشمیر کو پاکستان سے لے لے اور اس مسئلے کا حل صرف اور صرف مذاکرات میں ہے۔

install suchtv android app on google app store