آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جنرل انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 حلقوں اور پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔ مظفر آباد ڈویژن میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھادیا گیا۔
حلقہ ایل اے 31 میں تصادم سے پیپلز پارٹی کا ایک کارکن مشتاق شاہ جاں بحق ہوگیا جبکہ حلقہ کھاوڑہ میں رکن قومی اسمبلی صلاح الدین جونیجو بازو میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔
پیپلزپارٹی کے مطابق رکن قومی اسمبلی صلاح الدین جونیجو کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، صلاح الدین جونیجو این اے 210 سانگھڑ ٹو سے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔
خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایل اے 28 مظفرآباد 2 لچھراٹ کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ملتوی کردی گئی۔
پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا تھا، آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا، مظفرآباد ڈویژن کے ووٹرز اب شام 6 بجے تک اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ ووٹرز کی زیادہ تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات دوسرے مرحلے میں 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار اور 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز ہیں، جب کہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار مدمقابل ہیں۔ مظفرآباد کے اضلاع میں 1483 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جہاں انتہائی حساس مقامات پر سکیورٹی کی بھاری نفری تعینات رہی۔
آزاد کشمیر کے کچھ حلقوں میں پولنگ کاعمل تاخیر سے شروع ہوا جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلم لیگ ن پر دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں اور اس حوالے سے الیکشن سیل پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے چیف الیکشن کمشنر کو خطوط بھی لکھے ہیں۔
حلقہ ایل اے 29 تھری مظفر آباد میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔
راولپنڈی ویلی 4 ایل اے 43 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید بٹ مسلح گارڈ کے ساتھ ملت کالونی پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوگئے، جاوید بٹ کے مسلح گارڈ کو کسی بھی پولیس اہلکار نے نہیں روکا۔
حلقہ ایل اے 28، 29 اور 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر، استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تنویر الیاس، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، اور سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر سمیت اہم سیاسی رہنماؤں کے درمیان کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں،
راولپنڈی ڈویژن میں مہاجرین کی 3 نشستوں (27,907 ووٹرز) پر 35 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ کراچی میں آزاد کشمیر اور جموں کی دو نشستوں کے لیے ووٹنگ ہوئی۔
سیکورٹی کے لیے 4 ہزار پولیس اہلکار تعینات جبکہ 175 میں سے 31 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں حلقہ ایل اے-45 کشمیر ویلی-VI کے لیے 21 اضلاع میں 41 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جہاں 7,655 ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔
تمام حلقوں میں پولنگ ختم ہونے کے دو گھنٹے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔