اسکوٹی حادثے میں جاں بحق لڑکیوں کے خاندانوں کا ملزم کو معاف کرنے کا فیصلہ،تفصیلات جاری

حادثہ فوائل فوتو حادثہ

اسلام آباد اسکوٹی حادثے میں جاں بحق 2 لڑکیوں کے خاندانوں نے ملزم کو معاف کردیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں گرفتار ملزم ابوذرکو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت کے سامنے متاثرہ خاندانوں نے ملزم کو معاف کردیا۔ ایک لڑکی کابھائی عدالت میں بیان دینے آیا تھا اور والدہ کا آن لائن بیان ریکارڈکیاگیا۔ دوسری جاں بحق لڑکی کے والد کا بیان عدالت میں ریکارڈ کیا گیا۔

دونوں خاندانوں میں صلح ہونےکے بعد ملزم کے خلاف کیس ختم کردیا گیا۔

متاثرہ خاندانوں کے بیان کے بعد ملزم کی ضمانت منظور ہوگئی اور عدالت نے ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

خیال رہےکہ 5 روز قبل سیکرٹریٹ چوک شاہراہ دستور پر گاڑی کی اسکوٹی کو ٹکر سے 2 خواتین جاں بحق ہوگئی تھیں۔

حادثے میں جاں بحق خواتین کی شناخت ثمرین اور تابندہ کے نام سے ہوئی تھی جب کہ واقعے کا مقدمہ جاں بحق لڑکی ثمرین کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیا گیا تھا۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکےگاڑی کے ڈرائیور ابوذرکو گرفتارکرلیا تھا، بعدازاں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ملزم ابوذر کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا تھا کہ ملزم کے پاس شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں، ملزم کا بیان ہے کہ اس کا شناختی کارڈ بنا ہوا ہے اور ملزم نےلاپرواہی، غفلت اور تیزرفتار گاڑی چلاتےہوئے 2 نوجوان لڑکیوں کی اسکوٹی کو ٹکر ماری، پی این سی اے میں ملازم لڑکیاں شدید زخمی ہو کر گریں اور موت واقع ہوگئی۔

پراسیکیوٹر نے بتایا تھا کہ ملزم کے مطابق وہ وقوعہ سے چند لمحے قبل سنیپ چیٹ پر ویڈیو بنا رہا تھا۔

خصوصی گفتگو میں حادثے میں جاں بحق تابندہ کے والد غلام مہدی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس جج صاحب آئے اور اس بات کو قبول کیا کہ ان کے بچے کی غلطی ہے، جج نےکہا میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، میں آپ کے پاس تعزیت کے لیے آیا ہوں، جج نے کہا میں آپ کے غم میں شریک ہونے آیا ہوں ۔

سوال کیا کہ کیا دیت کے بارے میں بھی کچھ کہا گیا ؟

اس پر جاں بحق لڑکی کے والد غلام مہدی نے بتایا کہ نہیں ایسی کوئی بات نہیں ہوئی، انہوں نے کہا ہم آپ کے ساتھ تعاون کریں گے۔

مزید سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری بیٹی نے سیکنڈ ایئرکیا تھا، اس کا اپنا ایک خواب تھا، وہ میرا رائٹ ہینڈ تھی، اس نے مجھے بہت سپورٹ کیا، مجھے بیٹوں کی طرح سپورٹ کیا، میرا اتنا بڑا نقصان ہےکہ میں آپ کو بتا نہیں سکتا۔

install suchtv android app on google app store