گلگت بلتستان کے علاقہ چلاس میں تاریخ کی پہلی ڈکیتی

گلگت بلتستان کے علاقہ چلاس میں تاریخ کی پہلی ڈکیتی فائل فوٹو گلگت بلتستان کے علاقہ چلاس میں تاریخ کی پہلی ڈکیتی

گلگت بلتستان میں واقع قصبے میں تاریخ میں پہلی بار گن پوائنٹ پر ڈکیتی ہوئی ہے، جس میں 5 ڈاکوؤں نے ملازمین کو رسیوں سے باندھ کر شاپنگ مال میں لوٹ مار کی۔

تفصیلات کے مطابق چلاس لون شاپنگ مال میں رات گئے ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو 4 لاکھ سے زائد مالیت کی نقدی، موبائل کارڈ لوٹ کر فرار ہو گئے، بتایا جا رہا ہے کہ یہ چلاس شہر کی پہلی گن پوائنٹ ڈکیتی ہے، جسے نہایت افسوس ناک قرار دیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح گروہ نے ملازمین کو رسی سے باندھ کر لاکھوں مالیت کا سامان اور نقدی لوٹی، سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے ڈاکوؤں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ڈاکوؤں نے واردات 25 سے 30 منٹ میں کی۔

شاپنگ مال کے منیجر کامران حمید کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر انتظامیہ کو کاؤنٹر سے اٹھنے کو کہا اور انھیں دھکیل کر باندھ دیا، پھر کاؤنٹر میں موجود نقدی رقم اٹھالی، کاؤنٹر پر 4 لاکھ کے قریب نقدی پڑی تھی، 54 ہزار کے بیلنس کارڈ بھی لوٹے گئے، لاکھوں مالیت کا دیگر سامان بھی لوٹا گیا۔

ایس پی دیامر نے موقع واردات کا دورہ کر کے انتظامیہ سے پوچھ گچھ کی، ان کا کہنا تھا کہ دیامر پولیس اور اسپیشل برانچ کو متحرک کر دیا گیا ہے، جلد ڈکیت گروپ تک پہنچ جائیں گے۔

 

install suchtv android app on google app store