پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی قیادت اسلام آباد طلب، حکومت سازی کا عمل حتمی مرحلے میں داخل

پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے گلگت بلتستان کی صوبائی تنظیم کو فوری طور پر اسلام آباد طلب کر لیا ہے فائل فوٹو پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے گلگت بلتستان کی صوبائی تنظیم کو فوری طور پر اسلام آباد طلب کر لیا ہے

گلگت بلتستان میں نئی حکومت کے قیام کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی اعلیٰ قیادت کی سطح پر مشاورت کا عمل اپنے حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے گلگت بلتستان کی صوبائی تنظیم کو فوری طور پر اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ کی قیادت میں پارٹی کی صوبائی تنظیم آج ہی اسلام آباد پہنچے گی، جہاں وہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے ایک اہم ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے دوران امجد حسین ایڈووکیٹ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابی نتائج پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ اس اہم اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری حکومت سازی کے حوالے سے پارٹی تنظیم سے حتمی مشاورت کریں گے۔

انہیں گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں سے اب تک ہونے والے رابطوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا، جس کے بعد پی پی پی قیادت ان سیاسی رابطوں کی باقاعدہ منظوری دے گی اور حکومت سازی کے لیے حتمی ہدایات جاری کرے گی۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اس موقع پر گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ، اسپیکر اور ممکنہ وزراء کے ناموں پر بھی تفصیلی غور و خوض کریں گے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ کو وزیراعلیٰ کا امیدوار نامزد کیے جانے کا قوی امکان ہے، جبکہ جی بی میں حکومت سازی کا باقاعدہ عمل آئندہ تین روز میں شروع ہونے کی توقع ہے۔

install suchtv android app on google app store