ضلع کھرمنگ کی یونین کونسل کتیشو کے موضع داپا میں حالیہ شدید برفباری نے نظامِ زندگی کو مکمل طور پر جام کر دیا ہے۔ بھاری برف پڑنے کے باعث علاقے کی واحد رابطہ سڑک بند ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف آمدورفت معطل ہو گئی ہے بلکہ طبی سہولیات تک رسائی بھی ناممکن بنتی جا رہی ہے۔
انتہائی تشویشناک صورتحال اس وقت سامنے آئی جب ایک مریضہ کو بروقت طبی امداد نہ ملنے کے خدشے کے پیش نظر اہلِ علاقہ نے کندھوں پر اُٹھا کر میلوں دور ہسپتال منتقل کیا۔ برف سے ڈھکے دشوار گزار راستوں پر مریضہ کو یوں لے جانا انسانی المیے کی واضح تصویر ہے، جو ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی پر کئی سوالات کھڑے کر رہا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ہر سال برفباری کے باوجود پیشگی انتظامات نہ کرنا انتظامی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان کی جانیں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔
علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ رابطہ سڑکوں کی فوری بحالی، برف ہٹانے کے لیے مشینری کی فراہمی اور ہنگامی طبی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔ عوام نے واضح کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
یہ صورتحال متعلقہ حکام کے لیے لمحۂ فکریہ ہے کہ دور افتادہ علاقوں کو نظر انداز کرنے کی پالیسی اب ناقابلِ قبول ہو چکی ہے۔ عوام فوری اور عملی اقدامات کے منتظر ہیں