گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کے علاقے بلغار میں طلباء و طالبات نے سرکاری اسکول میں اساتذہ کی کمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شاہراہِ سیاچن کو بند کردیا۔
ذرائع کے مطابق احتجاج بلغار ڈغونی آر سی سی پل کے مقام پر کیا گیا، جس میں طلباء کے ساتھ والدین اور انجمن طلباء بلغار کے اراکین بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کی وجہ سے تعلیمی معیار شدید متاثر ہو رہا ہے اور طلباء کا مستقبل خطرے میں ہے۔ مظاہرین نے فوری طور پر اساتذہ کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کی تعلیمی مشکلات حل ہو سکیں۔
ذرائع کے مطابق احتجاج کے باعث شاہراہِ سیاچن کئی گھنٹوں تک ٹریفک کے لیے بند رہا جس کی وجہ سے مسافروں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔