استور: برفانی تودہ گرنے سے 9 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

استور: برفانی تودہ گرنے سے 9 افراد جاں بحق فائل فوٹو استور: برفانی تودہ گرنے سے 9 افراد جاں بحق

گلگت بلتستان کے ضلع استورمیں شونٹر ٹاپ برفانی تودہ گرنے سے تین خواتین سمیت نو افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع استورمیں شونٹر ٹاپ میں برفانی تودہ گر گیا ، جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد دب گئے۔

ذرائع کے مطابق ایس پی استور کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے تودے تلے دبے دیگر افراد کو نکالنے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی پولیس طفیل احمد نے بتایا ہے کہ آزاد کشمیر کے راستے خانہ بدوش افراد استور کی طرف آرہے تھے کہ شونٹر ٹاپ پر برفانی تودے تلے دب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور 1122 کی امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ روانہ کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے گلگت شونٹر ٹاپ پر برفانی تودہ گرنے کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور تودے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا حکم دے دیا۔

خالد خورشید نے سیکرٹری داخلہ، جی بی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر حکام کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔

install suchtv android app on google app store