مبینہ کرپشن کے ریفرنس میں فرزانہ راجا کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

سابق چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجا فائل فوٹو سابق چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجا

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجا کو پروگرام میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس میں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی۔

احتساب عدالت نے فرزانہ راجا کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔

فرزانہ راجا کی احتساب عدالت میں مسلسل عدم پیشی پر جج اصغر علی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ریفرنس دائر ہوا ہے فرزانہ راجا ایک بار بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔

ملزمہ کے وکیل نے کہا کہ فرزانہ راجا نے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کی ہے۔

اس پر جج نے ریمارکس دیے کہ فرزانہ راجا کو اگر مستقل استثنیٰ چاہیے تو ایک بار عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی برطانیہ میں ہو اور ہم یہاں سے مستقل استثنیٰ دے دیں یہ ممکن نہیں، ہم فرزانہ راجا کو دوبارہ سمن جاری کر رہے ہیں، آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔

عدالت نے ریفرنس میں فرزانہ راجا سمیت تمام ملزمان پر فرد جرم کے لیے 24 مئی کی نئی تاریخ مقرر کردی۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں مبینہ خورد برد کے ریفرنس میں فرزانہ راجا سمیت 18 ملزمان کو نامزد کر رکھا ہے۔

نیب کا الزام ہے کہ فرزانہ راجا نے چار اشتہاری کمپنیوں کو خلاف قانون ٹھیکے دیے اور قومی خزانے کو 50 کروڑ سے زیادہ کا نقصان پہنچایا۔

احتساب عدالت میں 32 والیم پر مشتمل ریفرنس نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store