شیخ رشید کی سوشل میڈیا بند کرنے پر عوام سے معذرت

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد فائل فوٹو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملک میں 3 گھنٹے کے لیے سوشل میڈیا کی بندش پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی صورت میں کسی کو بھی دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے۔

شیخ رشید نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں بطور وزیر داخلہ معذرت خواہ ہوں کہ ہم نے تین گھنٹے کے لیے واٹس، فیس بُک اور انسٹا گرام سمیت سوشل میڈیا کو بند کیا کیونکہ ان کی کال تھی کہ یہ شاید جمعے کے بعد نکلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بندش کی بدولت جمعہ پرسکون انداز میں گزرا اور پورے پاکستان میں یہ کہیں باہر نہیں نکلے۔

انہوں نے جانوں کے نذرانے پیش کرنے پر پولیس اور رینجرز کے ساتھ ساتھ پنجاب اور کراچی کی انتظامیہ کو مبارکباد بھی پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج سوشل میڈیا کے ذریعے ملک میں اشتعال انگیزی اور دہشت گردی پھیلانے والوں کو شکست ہو گئی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ آئندہ عوام کو سوشل میڈیا کی بنش کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اور پاکستان آگے بڑھے جبکہ ملک کو پیچھے لے جانے اور انتشار پھیلانے والوں کو شکست ہوئی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستان بھر میں سوشل میڈیا ایپس کو عارضی طور پر بند کردیا

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے انہیں کالعدم قرار دے دیا ہے اور ان کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے بینک اکاؤنٹس بھی بند کریں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم ان کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی ریکارڈ پر لائیں گے اور کسی بھی صورت ملک میں دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے۔

یاد رہے کہ وزارت داخلہ کے حکم پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو جمعہ کو دن 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک عارضی طور پر بند کردیا تھا۔

وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ بند کی جانے والی ایپس میں فیس بک، ٹوئٹر، یوٹیوب، ٹیلی گرام اور واٹس ایپ شامل تھیں۔

یہ پابندی رواں ہفتے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاج کے نتیجے میں ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد اور ہنگامہ آرائی کی وجہ سے لگائی تھی۔

install suchtv android app on google app store