وزیر خارجہ کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کی مزید تفصیلات آگئیں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی ہے فائل فوٹو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی ہے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں ایران امریکا کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں ایران امریکا کشیدگی، خطے میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاک ایران کثیر الجہت تعلقات پر بھی گفتگو کی گئی، شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ایران میں گہرے مذہبی تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں، پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر ایرانی صدر کو پاکستانی موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی طرف سے آنے والے حالیہ بیانات حوصلہ افزا ہیں۔

وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، خطے میں امن کے لیے پاکستان مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، حسن روحانی نے کہا کہ ایران خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا۔

یاد رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بیرون ممالک کے دورے کررہے ہیں، ایران کے بعد اب وہ سعودی عرب روانہ ہوں گے، ان کے ہمراہ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی موجود ہیں۔

install suchtv android app on google app store