وزراء کو معاشیات کا نوبل انعام دینے کی تجویز کس نے پیش کی اور کیوں پیش کی؟ دلچسپ خبر سامنے آگئی

تحریک انصاف کے وزراء فائل فوٹو تحریک انصاف کے وزراء

تحریک انصاف کے وزراء نے مہنگے ٹماٹر پر دلچسپ نوعیت کے بیانات اور مشورے دیے ہیں، ان کے بیانات پر سوشل میڈیا صارفین کے تبصرے اور تنقید کا بازار گرم رہا۔


پی ٹی آئی وزراء اور مشیر خزانہ کے جن بیانات کے خوب چرچے رہے، ان میں ملک میں ٹماٹر 17 روپے کلو میں دستیاب ہے، مہنگائی کا فائدہ ہمارے کسان بھائیوں کو ہوا اور ٹماٹر کی جگہ دہی استعمال کرنے مشورہ شامل ہے۔ ٹماٹر سے متعلق حکمران جماعت تحریک انصاف کے وزراء اور مشیران کے بیانات پر سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے انہیں معاشیات کے نوبل انعام کے لیے تجویز کردیا ہے۔

مہنگائی میں اگرچہ سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہیں، مہنگائی سے نمٹنے کےلیے حکومتی وزراء نے کام کرنے کے بجائے مفت مشورے بانٹنا شروع کردیے ہیں۔ سوشل میڈیا اور عام محفلوں میں سب سے زیادہ چرچا وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کا ہے، جنہوں نے مہنگائی کی بھی انوکھی منطق پیش کی اور مثبت پہلو ڈھونڈ لائے۔

عوام ابھی علی امین گنڈا پور کے بیان کے سحر سے نکلے ہی نہ تھے کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے ٹماٹروں کی قلت کا زبردست توڑ پیش کردیا۔ چند روز پہلے وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے مٹر پانچ کلو بتانے پر میڈیا بریفنگ میں سوالات کی ایسی بھرمار ہوئی جیسے کسی سیل پر لوگ سستی اشیا کے لیے ٹوٹ پڑے ہوں۔

اسی ماہ ٹماٹر کی ریکارڈ 400 روپے فی کلو قیمت کے دنوں میں ملکی خزانے کے نگران عبدالحفیظ شیخ نے ٹماٹر 17 روپے فی کلو بتا کر طنز و تنقید کا بازار گرم کردیا۔ مہنگائی سے پریشان عوام کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی کی وہ تسلی بھی نہیں بھولی کہ مشکل میں 2 کے بجائے ایک روٹی کھانا حکمت و دانشمندی سے کم نہیں۔

حکومتی وزرا کے بیانات پرجہاں ایک طرف مہنگائی کے ستائے عوام حیرانی و پریشانی میں مبتلا ہیں، وہیں سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے یہ مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے کہ سنہرے اصول بتانے پر ان وزراء کو معاشیات کے نوبل انعام کےلیے نامزد کیا جائے۔

install suchtv android app on google app store