سابق حکمرانوں نے جو حال پی آئی اے کا کیا ، ایسا تو کرائے کی سائیکل کا بھی نہیں کیا جاتا: فردوس عاشق اعوان

  • اپ ڈیٹ:
 فردوس عاشق اعوان فائل فوٹو فردوس عاشق اعوان

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سابق حکمرانوں نے جو حال پی آئی اے کا کیا ، ایسا حال تو کوئی کرائے کی سائیکل کا بھی نہیں کرتا، طیاروں پر نانی، ان کے بچوں اور نوکرانیوں کو سیریں کرائی گئیں، ایسے تمام دورے جن کا مقصد ملکی مفاد نہیں تھا ان کے تمام پیسے واپس لیے جائیں گے، پی آئی اے نے گزشتہ 2 ماہ میں 46 ملین روپے کمائے، امید ہے کہ جلد ہی پی آئی اے اپنے پیروں پر کھڑی ہوجائے گی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ادوار میں پی آئی اے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا، قومی ایئرلائن کوذاتی ایئرلائن سمجھ کربے دریغ استعمال کیا گیا ، انہوں نے پی آئی اے کو چنگ چی بنا کر رکھ دیا، انہوں نے جو حال پی آئی اے کا کیا ، ایسا حال تو کوئی کرائے کی سائیکل کا بھی نہیں کرتا۔ طیاروں پر نانی، ان کے بچوں اور نوکرانیوں کو سیریں کرائی گئیں، بچوں کی نیپیز تک لانے کیلئے پی آئی اے کے طیارے استعمال کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ 2012 سے 2017 تک 50 وی آئی پی پروازیں چلائی گئیںجن پر ایک ارب 6 کروڑ روپے ضائع کیے گئے۔ 45 پروازیں ذاتی مقاصدکیلئے استعمال کرکے 950 ملین کا نقصان پہنچایا گیا، پی آئی اے کو 21 مرتبہ سکھر کی طرف موڑا گیا جس سے قومی خزانے کو 55 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے یونین کے ذریعے پی آئی اے کو لوٹا، پی آئی اے کے 33 دفاتر یونین کے قبضے میں تھے ، من پسند افراد کی ڈیوٹیاں ان کی مرضی کے مطابق لگائی جاتی رہیں، یونین کے عہدیدار کیبن کریوکی ڈیوٹیاں خود لگاتے رہے۔ پی آئی اے میں سیاسی بنیادوں پر بلا جواز بھرتیاں کی گئیں، 250 ملازمین بغیر کام کے ان کے دفاتر میں بیٹھے رہتے تھے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایسے تمام دورے جن کا مقصد ملکی مفاد نہیں تھا ان کے تمام پیسے واپس لیے جائیں گے، ظل سبحانی کو دل کی تکلیف ہوئی تو کہا گیا تو انہوں نے جیب سے علاج کرایا ہے لیکن لندن میں ہسپتال کو وزیر اعظم کا کیمپ آفس ڈکلیئر کردیا گیا،ان کے علاج کے دوران پی آئی اے کا طیارہ لندن میں کھڑا رہا، اس علاج کی مد میں قوم کو 28 کروڑ روپے کا ٹیکہ لگا، خود کے 2 بچے لندن میں رہتے ہیں لیکن علاج سرکاری خزانے سے کرایا گیا۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیر اعظم کے منشور پر عمل کرتے ہوئے پی آئی اے نے گزشتہ 2 ماہ میں 46 ملین روپے کمائے، امید ہے کہ جلد ہی پی آئی اے اپنے پیروں پر کھڑی ہوجائے گی۔

install suchtv android app on google app store