جعلی بینک اکاؤنٹ کیس: فریال تالپور کے ریمانڈ میں مزید 7 روز کی توسیع

  • اپ ڈیٹ:
زرداری، فریال کی احتساب عدالت میں پیشی فائل فوٹو زرداری، فریال کی احتساب عدالت میں پیشی

احتساب عدالت نے میگامنی لانڈرنگ کیس میں گرفتار فریال تالپور کے ریمانڈ میں مزید 7 روز کی توسیع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جعلی بینک اکاونٹس کے ذریعے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی، نیب کے ہاتھوں گرفتار سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور اور دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

سماعت کے آغاز پر سابق صدر آصف علی زرداری نے عدالت میں شہزاد اکبر کی جائیدادوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کاروائی کی استدعا کی،سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے اخباری تراشے عدالت میں پیش کیے گئے، جس پر جج محمد بشیر نے کہا کہ اگر آپ قانونی نوٹس کی کاروائی کرنا چاہتے ہیں تو درخواست دیں،بعد ازاں عدالت نے آصف زرداری کی پیشی کی کارروائی پوری کرکے سماعت انیس اگست تک ملتوی کردی۔

دوران سماعت احتساب عدالت نے سابق وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کی جانب سے آصف زرداری اور فریال تالپور سے ملاقات کی استدعا منظور کی، جس کے بعد پارٹی رہنماؤں نے سابق صدر سے ملاقات کی،دوران ملاقات اومنی گروپ کے خواجہ عبدالغنی مجید آصف علی زرداری کے قدموں میں بیٹھے رہے۔

سماعت کے موقع پر نیب نے احتساب عدالت سے فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں پہلے مزید چودہ روزہ توسیع کی درخواست کی،عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے فریال تالپور کو چھ اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا تو نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت سے صرف سات روزہ ریمانڈ کی درخواست کی۔

جس پر فریال تالپور کے وکیل لطیف کھوسہ نے تفتیشی افسر کو مشورہ دیا کہ چودہ دن کا ریمانڈ لیں روز آنا جانا مناسب نہیں ،جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ میرا کام مختصر ہے میں 14 دن کا کیا کروں گا۔

بعد ازاں عدالت نے فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں کمی کرتے ہوئے فریال تالپور کو انتیس جولائی کو پیش کرنے کی ہدایت کی۔ 

install suchtv android app on google app store