کس بادشاہ نے عمران خان سے نواز شریف کی رہائی کی سفارش کی؟ شیخ رشید نے کی لب کشائی

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد فائل فوٹو وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک عرب ملک کے بادشاہ نے نواز شریف کی رہائی کیلئے عمران خان پر دباﺅ ڈالا لیکن انہوں نے صاف انکار کردیا ، جب وہ اپنے ملک گیا تو اس نے پاکستان کو چند ارب ڈالرز دے دیے۔

 ریلوے ہیڈ کوارٹرلاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جو آدمی پیسے دینے کیلئے تیار ہے ہم اس سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، یہ بتادیں کہ ایون فیلڈ فلیٹ کہاں سے آئے لیکن شریف خاندان منی ٹریل نہیں دے سکتا۔ ان کی سیاست صرف یہ ہے کہ ہمیں باہر جانے دیں ، میں واحدآدمی ہوں جس نے عمران خان کوکہاکہ انہیں باہرجانے دو،عمران خان نے صاف الفاظ میں کہا نہیں ایسانہیں ہوگا۔عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ ان لوگوں کو جانے دیں اور سکھ سے حکومت کریں لیکن وہ نہیں مانے۔

شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا کہ ایک عرب ملک کے بادشاہ نے زور دیا کہ نواز شریف کو جانے دو مگر عمران خان نے صاف انکار کر دیا، بعد میں اس بادشاہ نے اپنے ملک جا کر کچھ ارب ڈالرز بھیج دیے۔امید نہیں تھی وہ بادشاہ اپنے ملک جا کر پیسے دے گا لیکن اس نے دے دیے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ کے اندر بھی دو گروپ ہیں،ایک ڈیل والا اور دوسرا جوڈو کراٹے والا،شہباز شریف اور میری پارٹی ایک ہے،شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں، جوڈو کراٹے والے گروپ کو روند دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اب تک عرب ممالک میں سے تین ملکوں کی اعلیٰ شخصیات پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں ۔ عمران خان کے برسر اقتدار آنے کے بعد سب سے پہلے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان آئے تھے۔ حال ہی میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ اگر ان تینوں عرب شخصیات کو دیکھا جائے تو ان میں سے 2 شہزادے ہیں اور ایک بادشاہ ہے ، جس سے شیخ رشید کے اشارے کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

install suchtv android app on google app store