نواز شریف کی پارٹی قیادت کو مزاحمت کا بیانیہ تیز تر کرنے کی ہدایت

نواز شریف کی پارٹی قیادت کو مزاحمت کا بیانیہ تیز تر کرنے کی ہدایت فائل فوٹو نواز شریف کی پارٹی قیادت کو مزاحمت کا بیانیہ تیز تر کرنے کی ہدایت

قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے پارٹی قیادت کو مزاحمت کا بیانیہ تیز تر کرنے کی ہدایت کردی۔

کوٹ لکھپت جیل میں قائد مسلم لیگ (ن) سے ملنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔ راستہ بند ہونے پر سنئیر رہنما جاوید ہاشمی موٹر سائیکل پر سوار ہوکر ملنے پہنچے۔ جبکہ مریم نواز اور نواز شریف کی والدہ سمیت شریف فیملی کے دیگر ممبران نے بھی نواز شریف سے ملاقاتیں کی۔ مریم نواز کوٹ لکھپت جیل پہنچی تو کارکنان نے انکا روایتی انداز میں استقبال کیا۔

ملکی سیاسی صورتحال اور حکومت مخالف اپوزیشن تحریک پر لیگی قیادت نے آپس میں دو گھنٹے سر جوڑے رکھا۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نے ملاقات کے دوران صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثناءاللہ کو صوبے میں جلدازجلد تنظیم سازی کا عمل یقنی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ میرٹ پر عہدے دیئے جائیں۔ عہدہ دیتے وقت مجھ سمیت کسی کی بھی سفارش نہ مانیں۔

نواز شریف نے اسلام آباد اور بہاولپور کے دوروں کے دوران مریم نواز کی کارکردگی کو سراہا۔

اندرونی ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے نواز شریف کو بلاول بھٹو زرداری کے گرینڈ افطار ڈنر اور بیس مئی کو پارٹی اجلاس کی کارروائی اور فیصلوں پر بریفنگ دی۔

نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطوں پر اظہار اطمینان اور عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کے متفقہ فیصلے کے مطابق حکومت کے خلاف احتجاج یا تحریک چلانے کی پارٹی تجویز کی بھی منظوری دی۔

 

install suchtv android app on google app store