نئے پاکستان کی شناخت سادگی اور بدعنوانیوں سے پاک نظام ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی فائل فوٹو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمارے مسائل کی سب سے بڑی وجہ گروہی مفادات اور کرپشن ہیں۔ کرپشن پر قابو پانے کیلئے احتساب کے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ آج کا خطاب نئے پارلیمانی سال کا آغاز ہے، آئینی ذمہ داریاں بھرپور طریقہ سے نبھاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی خواہشات کے احترام میں حکومت کی کامیابی ممکن ہے۔ حکومت نے نیا پاکستان بنانے کاعزم کیا ہوا ہے۔ ہم مقروض قوم ہیں، ہمیں قرض کی ادائیگی کیلئے بھی قرض لینا پڑتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے مسائل کی سب سے بڑی وجہ گروہی مفادات اور کرپشن ہیں۔ کرپشن پر قابو پانے کیلئے احتساب کے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام بے ایمانی سے تنگ آچکے ہیں۔

عارف علوی نے کہا کہ نئے پاکستان کی شناخت غیرضروری اخراجات کا خاتمہ ہے تاہم ہمیں اپنی زندگیوں میں سادگی اپنانا ہوگی۔ نئے پاکستان کی شناخت سادگی اور بدعنوانیوں سے پاک نظام ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل میں حکومت کی کامیابی ہے۔ اراکین پارلیمنٹ کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اس آئینی عہدے کے قابل سمجھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری اس ایوان سے بطور رکن وابستگی پرانی ہے تاہم امید ہے کہ ارکان پارلیمنٹ میرا بھرپور ساتھ دیں گے۔

واضح رہے کہ صدر مملکت کے خطاب کے دوران مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کردیا۔

install suchtv android app on google app store