ڈیمز کبھی چندے سے نہیں بن سکتے: احسن اقبال

احسن اقبال فائل فوٹو احسن اقبال

سابق وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہےکہ موجودہ حکومت ڈیمو حکومت ہے جبکہ ڈیمز کبھی چندے سے نہیں بن سکتے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے لاہور میں پریس کانفرنس کی۔

احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں امن ہوچکاہے،کسی ٹاسک فورس کی ضرورت نہیں،حکومت انتہائی غیر سنجیدہ طریقےسےچلائی جارہی ہےجبکہ ترقیاتی بجٹ میں کمی پراحتجاج کریں گے۔

سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نےکہا کہ ہم نے ترقیاتی بجٹ کو بڑھا کر300 ارب سے 1000 ارب کیا تھا، اب اگر اس میں کٹوتی کی گئی تو احتجاج کریں گے کیونکہ اس سے صنعت متاثر ہو گی۔

نارووال سے قومی اسمبلی کے رکن نے حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ گیس کی قیمتیں بڑھنےکا معاملہ پارلیمنٹ میں آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کو کاغذ کے ٹکڑوں سے 30 ارب ڈالر تک لے کر گئے ہیں، پچھلے چند ماہ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ سی پیک کے مغربی روٹ پر تاخیر کی جا رہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دیا میر بھاشا ڈیم جیسے منصوبے چندوں سے نہیں بنتے، حکومت چندے لے لیکن ڈیمز بنانے کے لئے 750ارب روپے کا بندوبست بھی لازمی کرے۔

احسن اقبال نے کہا یہ نواز شریف کی حکومت ہی تھی جس نے سب سے پہلے ڈیمز کی بنیاد رکھی۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر کے مہینے میں لوڈشیڈنگ کا کوئی جواز نہیں ہے، اس وقت بجلی کی پیداوار اس کی طلب سے کہیں زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے5 سالوں میں گیس کی قیمت نہیں بڑھنے دی، گیس میں کیے گئے حالیہ اضافوں سے کھاد کی قیمت بڑھے گی۔ جب ہم آئے تو یوریا کھاد درآمد کر رہے تھے جبکہ پچھلے سال اس کو برآمد کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store