پاناما جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی تھی، چیف جسٹس

پاناما جے آئی ٹی میں نے بنائی تھی، چیف جسٹس فائل فوٹو پاناما جے آئی ٹی میں نے بنائی تھی، چیف جسٹس

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پاناما پیپرز کیس کی تفتیش کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی جانب سے اس طرح کے ریمارکس میڈیا پر رپورٹ ہوئے تھے کہ پاناما جے آئی ٹی میں انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کے اہلکاروں کو چوہدری نثار نے شامل کروایا تھا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی میں خفیہ اداروں کے نمائندوں کو انہوں نے شامل نہیں کیا تھا۔
تاہم اس معاملے پر آج(جمعرات کو) ایک کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پاناما جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے ہی بنائی تھی، ان کے کہنے کا مقصد ڈان لیکس جے آئی ٹی تھا، مجھ سے غلطی ہوگئی ہوگی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ یہ تصیح کی جائے، لگتا ہے کسی کو مجھ سے زیادہ محبت ہے، دی نیوز نے کیا چھاپا ہے، کہاں ہے دی نیوز کا رپورٹر؟

اس پر سپریم کورٹ میں موجود بیٹ رپورٹر نے عدالت کے سامنے کہا کہ وہ اس عمل پر معافی مانگتے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے پر ٹاک شوز بھی ہوگئے، تھپڑ لگا کر معافی مانگنے کا کیا فائدہ، میر ابراہیم کل لاہور عدالت میں پیش ہوں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جنگ اور دی نیوز عدالت کی ایسی رپورٹ کیوں کر رہا ہے، مجبور نہ کریں ہم ان رپوٹرز کی عدالت میں داخلے پر پابندی لگا دیں۔

اس دوران جنگ کے رپورٹر نے عدالت سے معافی کی استدعا کی، جس کے بعد عدالت نے رپورٹر کی معذرت پر معاملہ نمٹا دیا۔

 

install suchtv android app on google app store