اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا خط : چیف جسٹس نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد فل کورٹ اجلاس بلا لیا

وزیراعظم شہباز شریف اور چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ فائل فوٹو وزیراعظم شہباز شریف اور چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی جانب سے لکھے گئے خط کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف کی سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات ہوئی۔ چیف جسٹس نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کی طرف سے لکھے گئے خط کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے پیغام بھجوایا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ پہنچے جہاں دونوں شخصیات کے درمیان ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس پاکستان کی ملاقات چیف جسٹس کے چیمبر میں ہوئی، اس اہم ملاقات میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی شریک تھے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ میں فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس ہوا تھا۔

اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر غور کیا گیا اور ججز کے خط کی آئینی و قانونی حیثیت کا جائزہ لیا گیا۔

 

install suchtv android app on google app store