نواز شریف کو صرف الزامات پر نکالا گیا ثابت کچھ نہیں ہوا: مریم اورنگزیب

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں بڑے منصوبے نواز شریف نے مکمل کیے، انہیں جن الزامات پر نکالا گیا ان میں سے ایک بھی ثابت نہیں ہوا۔

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ اربوں روپے سے لگے منصوبوں میں ایک روپے کی کرپشن کا ثبوت نہیں ملا، نواز شریف نے چترال میں کئی منصوبے شروع کیے، پاکستان میں آنے والے سیاح چترال کا نام سن کر آتے ہیں، ماضی میں کئی ماہ تک چترال باقی علاقوں سے کٹ جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ حکومت نے ہزاروں میگاواٹ کے منصوبے لگائے ہیں، بجلی چوری روکنے کے لیے متعلقہ وزارت کام کررہی ہے جبکہ پائیدار ترقی کے لیے پارلیمانی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے، پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصول وژن 2025 میں سرفہرست ہے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے کام کررہی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صحافیوں نے قربانیاں دیں، پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے میڈیا کو آگاہی دینا ہوگی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 19 سال بعد مردم شماری کا عمل کامیابی سے مکمل کیا گیا، مردم شماری سے مفید اور اہم اعدادو شمار حاصل ہوئے، مذکورہ پالیسی فریم ورک، عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والے سیاسی لوٹے 2018 کے انتخابات میں منہ کے بل گریں گے، پانچ سال حکومت کے مزے اڑائے اور اب لوٹے قبلہ تبدیل کررہے ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store