حکومت کا جے آئی ٹی ارکان کی اضافی سیکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ

جے آئی ٹی ارکان فائل فوٹو جے آئی ٹی ارکان

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر پاناما کیس کی روشنی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مالی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات انجام دینے والی مشترکہ تفتیشی ٹیم (جے آئی ٹی) کے ارکان کو فراہم کردہ اضافی سیکیورٹی کو واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ 'ہمارے پاس رپورٹس ہیں کہ جے آئی ٹی ارکان اور ان کے بچوں کو ضرورت سے زیادہ سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے'۔

طلال چوہدری نے کہا کہ 'ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ جے آئی ٹی ارکان کے بچے سبزی لینے جاتے ہیں تو بھی رینجرز کی گاڑی ان کے ساتھ جاتی ہے' اور حکومت نے جے آئی ٹی اراکین کو حاصل اضافی سیکیورٹی کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 'جے آئی ٹی ارکان کو صرف ضرورت کے مطابق سکیورٹی فراہم کی جائے گی'۔

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ 'سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی ارکان سے متعلق بہت کچھ لکھا ہے، سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق جے آئی ٹی ارکان کو بہت کچھ مل رہا ہے'۔

یاد رہے کہ جے آئی ٹی ارکان نے شریف خاندان کے اثاثوں کی تفتیش کے دوران دھمکیاں ملنے کی شکایت کی تھی جس کے بعد عدالت نے حکومت کو اراکین کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی حکم دیا تھا۔

رواں سال مئی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی نے اسی دوران اپنی ایک تقریر میں متنازع الفاظ استعمال کیے تھے جس کے بعد انھیں حکمران جماعت کی رکنیت سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی نے اپنی جذباتی تقریر میں دھمکی دی تھی کہ پاکستان کے منتخب وزیراعظم سے حساب مانگنے والوں کے لیے زمین تنگ کردی جائے گی۔

ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے جوش خطابت میں کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ حساب لینے والے کل ریٹائر ہوجائیں گے اور ہم ان کا یوم حساب بنادیں گے۔

ویڈیو میں نہال ہاشمی کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے،'اور سن لو جو حساب ہم سے لے رہے ہو، وہ تو نواز شریف کا بیٹا ہے، ہم نواز شریف کے کارکن ہیں، حساب لینے والو! ہم تمھارا یوم حساب بنا دیں گے'۔

ان کا مزید کہنا تھا، 'جنھوں نے بھی حساب لیا ہے اور جو لے رہے ہیں، کان کھول کے سن لو! ہم نے چھوڑنا نہیں تم کو، آج حاضر سروس ہو، کل ریٹائر ہو جاؤ گے، ہم تمھارے بچوں کے لیے، تمھارے خاندان کے لیے پاکستان کی زمین تنگ کردیں گے'۔

install suchtv android app on google app store