کلبھوشن کیس: عالمی عدالت انصاف بھارتی درخواست پر کل فیصلہ سنائے گی

 کلبھوشن یادیو فائل فوٹو کلبھوشن یادیو

 عالمی عدالت انصاف کلبھوشن یادیو کی پھانسی کے معاملے میں بھارتی درخواست پر فیصلہ کل سنائے گی۔

عالمی عدالت انصاف بھارت کی جانب سے کلبھوشن یادیو کی پھانسی روکنے کی درخواست پر کل دوپہر 3 بجے فیصلہ سنائے گی جو عالمی عدالت انصاف کے صدر جج رونی ابراہم خود پڑھ کر سنائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے کلبھوشن یادیو کو سزائے موت دینے کے خلاف بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا تھا جس کی عوامی سماعت 15 مئی کو ہوئی تھی جس میں پاکستان نے کلبھوشن کیس سے متعلق عالمی عدالت کے دائرہ کار کو چیلنج کیا تھا جب کہ بھارت نے کلبھوشن کی پھانسی رکوانے کی درخواست کی تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: بھارت نے کلبھوشن یادیو کی سزا کیخلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرلیا

بیان کے مطابق ان سماعتوں کو عالمی عدالت کی ویب سائٹ اور اقوام متحدہ کے آن لائن ٹیلی ویژن چینل پر لائیو نشر کیا جائے گا۔

پیر (8 مئی) کو بھارت کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں دائر کردہ اپیل میں کہا گیا تھا کہ متعدد درخواستوں کے باوجود پاکستانی انتظامیہ بھارت کو کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی فراہم نہیں کررہی۔

اپنی اپیل میں بھارت نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اسے ایک پریس ریلیز کے ذریعے کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کا علم ہوا۔

بھارت نے مطالبہ کیا تھا کہ آئی سی جے کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کی منسوخی کو یقینی بنائے اور اسے ویانا کنوینشن کی خلاف ورزی قرار دے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے کلبھوشن تک قونصلر رسائی کی بھارتی درخواست مسترد کر دی

بھارتی اپیل سامنے آنے کے بعد گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی درخواست اور عالمی عدالت انصاف کے دائرہ اختیار کا جائزہ لے رہے رہا ہے جس کے بعد پاکستانی دفتر خارجہ ایک دو روز میں اپنا بیان جاری کرے گا۔

خیال رہے کہ 3 مارچ 2016 کو پاکستان کے حساس اداروں نے بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے بھارتی جاسوس اور نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا تھا۔

'را' ایجنٹ کی گرفتاری کے چند روز بعد اس کی ویڈیو بھی سامنے لائی گئی تھی، جس میں کلبھوشن یادیو نے اعتراف کیا تھا کہ اسے 2013 میں خفیہ ایجنسی 'را' میں شامل کیا گیا اور وہ اس وقت بھی ہندوستانی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے۔

مزید جانئیے: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی: آئی ایس پی آر

کلبوشھن نے یہ بھی کہا تھا کہ 2004 اور 2005 میں اس نے کراچی کے کئی دورے کیے جن کا مقصد 'را' کے لیے کچھ بنیادی ٹاسک سرانجام دینا تھا جب کہ 2016 میں وہ ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوا۔

ویڈیو میں کلبوشھن نے اعتراف کیا تھا کہ پاکستان میں داخل ہونے کا مقصد فنڈنگ لینے والے بلوچ علیحدگی پسندوں سے ملاقات کرنا تھا۔

گذشتہ ماہ 10 اپریل کو پاکستان کی جاسوسی اور کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنادی گئی تھی۔

install suchtv android app on google app store