سپریم کورٹ نے نواز شریف کے خلاف تاریخی ریمارکس دیئے: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان فائل فوٹو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان

پاناما کیس کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 'پاکستان کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ایک موجودہ وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ نے ایسے ریمارکس دیئے ہوں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ 'پاناما کا مسئلہ ایک سال سے چل رہا تھا اور پچھلے 4 ماہ سے عدالت میں تھا، میں درخواست گزار تھا، لیکن مجھے ایوان میں بولنے کا موقع نہیں دیا گیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 'ججز نے کہا کہ جو یہ لوگ (شریف برادران) ایک سال تک کہتے رہے، ہم مسترد کر رہے ہیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ایک طرف سپریم کورٹ کہتی ہے کہ پاکستان میں انصاف کے ادارے مفلوج ہوچکے ہیں، تو کیا یہ ادارے نواز شریف کے وزیراعظم ہوتے ہوئے ان کے خلاف تحقیقات کرسکتے ہیں؟ کیا ہماری طرف سے استعفیٰ کی یہ ڈیمانڈ غلط ہے؟

اس سے قبل پاناما کیس کا فیصلہ سامنے آنے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاسوں میں اپوزیشن جماعتیں فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتی نظر آئیں۔

مزید جانئیے: پاناما کیس: سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے دیا

اجلاس کے دوران ’گو نواز گو‘ کے نعرے لگائے گئے اور اپوزیشن ارکان نے احتجاجاً ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

اپوزیشن کے احتجاج کے باعث سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیئے گئے۔

اجلاس سے قبل پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور سینیٹر اعتزاز احسن کی سربراہی میں ہوا۔

اجلاس میں پاناما پیپرز کے فیصلے پر مشاورت کی گئی اور اپوزیشن نے سینٹ اور قومی اسمبلی میں وزیر اعظم سے مستفی ہونے کا مطالبے سمیت معاملے ہر پر بھر پور احتجاج کا فیصلہ کیا۔

سراج الحق، شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری بھی اجلاس میں شریک تھے تاہم عمران خان نے اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ جو نہ کر سکی کیا وہ 19 گریڈ کے افسر کر سکیں گے: آصف زرداری

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سوائے حکومت کے تمام جماعتوں کو پاناما کیس فیصلہ سمجھ آ گیا ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تمام جماعتیں حکومت کے خلاف گرینڈ الائنس بنائیں۔

اپنے برجستہ انداز میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’دو مضمونوں میں فیل ہوئے اور تین میں کمپارٹ آنے کے بعد بھی پپو پاس ہو گیا۔

سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو فوری طور مستعفی ہو جانا چاہیئے اور اس مطالبے پر تمام جماعتیں متفق ہیں۔

install suchtv android app on google app store