سپریم کورٹ جو نہ کر سکی کیا وہ 19 گریڈ کے افسر کر سکیں گے: آصف زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے بھی پاناما کیس کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان میں عوام کو دھوکا دیا گیا ہے، ملک میں آج جمہوریت کو نقصان ہوا۔

سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ' 9 مہینے تک قوم کے ساتھ جو مذاق ہوتا رہا ہے اس کی مذمت کرتا ہوں اور اس فیصلے کی بھی مذمت کرتا ہوں۔

آصف زرداری نے کہا کہ 'ان دو سینیئر ججز کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے یہ فیصلہ دیا ہے کہ وزیراعظم نا اہل ہوچکے ہیں، سینیئر ججز کا فیصلہ جونیئر ججز پر غالب ہوتا ہے۔

مزید جانئیے: پاناما کیس: سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے دیا

سابق صدر نے کہا کہ 'میں یہ سمجھتا ہوں کہ وزیراعظم کو اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ دے دینا چاہیے، گوکہ میں یہ جانتا ہوں کہ وہ آخری دم تک استعفیٰ نہیں دیں گے اور ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

آصف زرداری نے استفسار کیا کہ 'سپریم کورٹ جو نہ کرسکی وہ وزیراعظم کے ماتحت 19 گریڈ کے افسر فیصلہ کریں گے؟ وہ تحقیقات کریں گے اور وزیراعظم کو نا اہل کریں گے؟ یا ان کا بیان وزیراعظم ہاؤس میں لیں گے یا تھانے میں لیں گے؟ اس بات کا فیصلہ قوم کو کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نا اہل ہے، ان سے ملک نہیں چلایا جاتا، ملک بحران کی طرف جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف فوری طور پر استعفیٰ دے دیں: عمران خان

آصف زرداری نے استفسار کیا کہ 'یہ کس بات کی مٹھائی بانٹ رہے ہیں؟ اس بات کی مٹھائی بانٹی جارہی ہے کہ دو سینیئر ججز نے کہہ دیا ہے کہ آپ نا اہل ہیں، انہوں نے کہہ دیا ہے کہ آپ صادق اور امین نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ 'قوم کو یہ سوال پوچھنا چاہیے کہ یہ کیسے ہوا، ہمار شروع سے یہ موقف رہا ہے کہ کبھی بھی پیپلز پارٹی کو یا عوام کو ان ججز سے انصاف نہیں ملا۔

عمران خان کو پیغام دیتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ 'ہم نے خان صاحب سے بھی کہا تھا کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں، قانون سازی کریں اور پھر اس قانون کو لے کر عدالت میں چلیں لیکن انہوں نے ہماری بات نہیں مانی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پاناما کیس کے فیصلے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں: وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ عمران خان ناتجربہ کار سیاستدان ہیں، انہیں نہیں معلوم کیوں کہ نہ کبھی وہ جیل گئے ہیں نہ کبھی ایف آئی آر میں اپنا بیان لکھایا، انہیں نہیں پتہ کہ جسٹس یہاں کیسے چلتے ہیں ججز کیسے کام کرتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store