چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہم عمران خان کی صحت پر کبھی سیاست نہیں کریں گے، عدالتی حکم پر عمل ہوگا تو حکومت کے ساتھ بات آگے بڑھے گی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا کہ سیاسی ہتھکنڈوں سے کسی کو مائنس نہیں کیا جاسکتا، ہم بھی کسی کو سیاسی طور پر مائنس کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عدالت کے حکم پر عملدرآمد ہوگا تو آگے بات بنے گی، ہم عمران خان کی صحت پر کبھی سیاست نہیں کریں گے، صحت سے متعلق رپورٹس کو ذاتی معاملات کے لیے استعمال نہیں کریں گے، بانی پی ٹی آئی کی صحت کا مسئلہ سب سے اہم ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق مسائل بھی حل کیے جائیں، بشریٰ بی بی کو بھی اسپتال منتقل اور طبی سہولیات ملنا ان کا حق ہے، عدالتی احکامات پر عملدرآمد سے ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت کو شارٹ اسٹیپ لینے کے بجائے ڈائیلاگ کی طرف بڑھنا چاہیے، سیاسی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے اقدامات ہونے چاہئیں، ایسی کوئی بیان بازی نہیں ہونی چاہیے جس سے سیاسی درجہ حرارت بڑھے، آگے بڑھنا ہے تو ابتدا عدالتی حکم پر عملدرآمد سے ہونی چاہیے۔
بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ فوج، پولیس اور رینجرز کی حفاظت ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہے، اپنے سکیورٹی اداروں کو کسی خطرے سے دوچار نہیں کرنا چاہتے، دہشتگردی جہاں بھی ہو، قابل مذمت ہے۔