پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے معروف ننھے یوٹیوبر شیراز اور ان کی بہن مسکان سے ملاقات کی۔
بلاول بھٹو زرداری ان دنوں انتخابات کے سلسلے میں گلگت بلتستان میں موجود ہیں، اسی دوران انہوں نے شیراز اور مسکان سے ملاقات کی جس کے کچھ ویڈیو کلپس سوشل میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
چیئرمین پی پی نے شیراز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 'میں کراچی سے ہوں اور وہیں سے آپ کو فالو کررہا ہوں، آپ کا بہت بڑا مداح ہوں ، مجھے مل کر بے حد خوشی ہورہی ہے'۔
بلاول نے شیراز کے سماجی بہبود کے کاموں کو سراہا اور کہا 'میں آپ کا سوشل میڈیا دیکھتا ہوں، بہت خوشی ہوتی ہے یہ دیکھ کر کہ آپ ناصرف اتنی محنت کرتے ہیں اور مشہور ہیں بلکہ اپنے علاقے کے لوگوں کے لیے کام کیا، انہیں پانی دلوایا، اسکول بنوایا'۔
میں کراچی سے آپ کا بہت بڑا فین ہوں،میرا نام بلاول ہے، کیا تمہیں میرا نام یاد رہےگا، بلاول بھٹو زرداری کی ننھے وی لاگر شیراز اور اس کی بہن سے ملاقات pic.twitter.com/vxEGkyIII4
— Siddique Jan SMT (@SdqJaanSMT) June 4, 2026
پی پی چیئرمین نے کہا 'میرے نانا بھی گلگت بلتستان کے لوگوں کا بہت خیال رکھتے تھے، انہیں پسند کرتے تھے، میرے نانا نے یہاں بہت کام کیا ہے ، یہاں مہنگائی کے لیے انہوں نے کام کیا'۔
بلاول نے شیراز سے کہا 'ہم بھی چاہتے ہیں جیسے ہمارے بڑوں نے یہاں کی خدمت کی، ویسے ہم بھی کریں، ہمیں موقع ملے تو ہم عوام کو کچھ کرکے دیں'۔