قانون نافذ کرنا پولیس کی مقدس ذمہ داری ہے،پاک فوج ہمیشہ پاکستان کی بہادر اور قابل فخر پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی: فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر فائل فوٹو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ ، کیڈٹ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل پولیس اکیڈمی آمد پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا، فیلڈ مارشل کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی سید عاصم منیر کے ساتھ موجود تھے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ مضبوط، پیشہ ور اور عوام دوست پولیس فورس داخلی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے، قانون نافذ کرنا پولیس کی مقدس ذمہ داری ہے،پاک فوج ہمیشہ پاکستان کی بہادر اور قابل فخر پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

فیلڈ مارشل نے قیام امن ،عوامی تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہدا کی قربانیوں کو سراہا، دہشتگردی، جرائم اور داخلی سلامتی کے چیلنجز کے مقابلے میں پولیس قربانیوں کا اعتراف کیا۔

فیلڈ مارشل نے پولیس کو شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ میں پہلی دفاعی لائن قرار دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے بین الادارہ تعاون، جدید پولیسنگ اور عوامی اعتماد کے فروغ پر زور دیا۔سینئر پولیس قیادت نے محکمے کے معیار کو بہتر بنانے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے ،ادارہ جاتی اصلاحات کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فاتحہ خوانی کی اور پولیس شہدا کو خراج عقیدت پیش کی۔

install suchtv android app on google app store