پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ اس وقت حکومت اور تحریک انصاف میں مذاکرات کا کوئی ماحول نہیں ہے۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ تحریک انصاف مذاکرات کی حامی ہے مگر مذاکرات کی کوئی روشنی نظر نہیں آرہی۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 17 کے مطابق ہر سیاسی جماعت کو سیاست کرنے کا حق ہے لیکن ہماری پارٹی کو کسی قسم کی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں، آرٹیکل 17 ٹو واضح کہتا ہے کہ ملک کی سالمیت کے خلاف کوئی سیاسی جماعت نہیں جاسکتی
سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ اس آرٹیکل پر پارلیمنٹ میں بہت بحث ہوئی، پھر الیکشن ایکٹ بنایا گیا، الیکشن ایکٹ میں ایسی جماعت جو ملک کی سالمیت کے خلاف ہو اس کے خلاف تفصیلی ثبوت ہونا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ صرف الزام لگانا کافی نہیں باقاعدہ ثبوت سپریم کورٹ یا آئینی عدالت میں پیش کرنا ہوتے ہیں، ماحول اس وقت مذاکرات کا نہیں لگتا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت ماحول نہیں بنا رہی تو اس لیے مذاکرات چل نہیں رہے۔