پنجاب میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، صوبائی حکومت نے چینی پر شوگر سیس نافذ کر دیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے 40 کلو چینی پر 5 روپے شوگر سیس عائد کیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شوگر سیس پنجاب فنانس ایکٹ 1964 کے تحت نافذ کیا گیا ہے۔ اس ٹیکس میں ڈھائی روپے شوگر ملز جبکہ ڈھائی روپے کسان ادا کریں گے۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ شوگر سیس سے حاصل ہونے والی رقم شوگر ملز سے منسلک سڑکوں کی تعمیر اور بہتری پر خرچ کی جائے گی۔
دوسری جانب شہریوں نے شوگر سیس کے نفاذ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے، روزمرہ استعمال کی اشیاء پر مزید ٹیکس عوامی مشکلات میں اضافہ کرے گا۔
دکاندار بھی اس فیصلے سے نالاں نظر آئے اور خدشہ ظاہر کیا کہ شوگر سیس کا بوجھ بالآخر صارفین پر ہی منتقل ہو گا۔